ارتغرل غازی ڈرامہ ہے یا نشہ
سچ بتائیں تو ابتدا میں ہمیں ’ارطغرل‘ سیریز سے قطعی کوئی دلچسپی یا لگاؤ نہیں تھا، لیکن یار دوستوں کی محفلوں میں جب ارطغرل، حلیمہ سلطان اور قائی قبیلے کا چرچا ہونے لگا تو ہم ہونقوں کی طرح ان سب کا بس منہ ہی تکتے رہتے۔ ہر کوئی سمجھیں کہ ’ارطغرل بخار‘ سے دوچار تھا۔ کوئی حلیمہ سلطان کی پروقار خوبصورتی کے گن گا رہا ہوتا تو کوئی ارطغرل کی شجاعت اوربہادری کے، تو کہیں کوئی کورتغلو کی غداری پر اسے کوسنے دیتا، کہیں کوئی امیر سعد الدین تین کوپیک کی شاطرانہ چالوں سے عاجز تھا۔ رہی سہی کسر سوشل میڈیا نے پوری کر دی جہاں بھرمار تھی’ارطغرل‘ سے جڑی پوسٹس کی۔ کہیں مخالفت تو کہیں تعریف و توصیف کے قلابے۔ حد تو اس وقت ہو گئی جب پان کے کھوکھے پر ہمیں ’ارطغرل پاپڑ‘ اور ’حلیمہ چھالیہ‘ لٹکی ہوئی نظر آئیں۔ عین ممکن ہے کہیں ’ارطغرل گٹکا‘ بھی فروخت ہو رہا ہو۔ اب یہ سب دیکھ اور سن کر ہمارے اندر بھی اشتیاق اور تجسس ہوا کہ زمانے کے ساتھ قدم سے قدم ملانے کے لیے کیا برا ہے جو ہم بھی یہ شاہکار دیکھ لیں جس کا ہر جانب چرچا ہے۔ سرکاری ٹی وی پر اسے دیکھنا شروع کیا، اگلی قسط کے لیے پورے ایک دن کا انتظار ہمیں اور بے چی...